فضائی آلودگی جذب کرنے والی ایک دیوار 780 درختوں جتنی مؤثر


پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں آج کل ایک عمارت کی بڑی دیوار عام لوگوں کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ بظاہر اس دیوار پر عام سا پینٹ استعمال کرتے ہوئے مصوری کی گئی ہے لیکن درحقیقت یہی پینٹ نائٹروجن آکسائیڈز کی اتنی فضائی آلودگی جذب کرتا ہے کہ جتنی 780 درخت کرسکتے ہیں۔ زہریلی کہر یا ’اسموگ‘ کی ایک بڑی وجہ یہی نائٹروجن آکسائیڈز ہوتے ہیں۔ 

اس پینٹ میں رنگ کے ساتھ ساتھ ’’فوٹو کیٹالسٹ‘‘ کہلانے والے خاص مرکبات بھی شامل کیے گئے ہیں جو نائٹروجن آکسائیڈز کی فضائی آلودگی کو اپنی طرف کھینچتے ہیں اور دھوپ میں موجود الٹراوائیلٹ شعاعوں کو استعمال کرتے ہوئے، نمی کی مدد سے، ان نقصان دہ گیسوں کو بے ضرر مادّوں میں تبدیل کردیتے ہیں

پانی ان مادّوں کو دھو دیتا ہے اور یوں دیوار ایک بار پھر سے آلودگی جذب کرنے کےلیے تیار ہوجاتی ہے۔

وارسا میں جس دیوار پر یہ پینٹ کیا گیا ہے وہ بہت بڑی ہے اور اتنی نائٹروجن آکسائیڈ جذب کرسکتی ہے کہ جتنی 780 درخت مجموعی طور پر کرسکتے ہیں۔

ایجاد’’ناکس آؤٹ‘‘ کہلانے والا یہ پینٹ فلپائن کی ایک کمپنی ’’بائسن‘‘  نے ایجاد کیا ہے اور اس کا فارمولا بھی اسی کمپنی کی ملکیت ہے

’’ناکس آؤٹ سے تیار کی گئی بڑی بڑی پینٹنگز اس سے پہلے بنکاک اور بلغراد میں بھی عمارتوں کی دیواروں پر کی جاچکی ہیں۔ اس فہرست میں وارسا تیسرا شہر ہے جبکہ لیما، سڈنی، جکارتا، منیلا، ساؤ پالو، سان تیاگو، جوہانس برگ، ملبورن، بگوٹا اور پاناما سٹی میں بھی اونچی اونچی عمارتی دیواروں پر ’’ناکس آؤٹ‘‘ سے بنی پینٹگز نظر آنے لگیں گی۔


Comments